
ملک بھر میں زندہ برائلر اور گوشت کی قیمتوں میں واضح فرق اور سرکاری سطح پر ریٹ کے تعین میں ناکامی نے صارفین کیلئے روزمرہ کی خوراک کو بھی مہنگا خواب بنا دیا ہے۔
تازہ تفصیلات کے مطابق فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 365 روپے فی کلو ہے، جبکہ ہول سیل میں یہی برائلر 379 روپے اور پرچون میں 393 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ تاہم دکانداروں کو زندہ مرغی 400 روپے فی کلو کی قیمت پر سپلائی کی جا رہی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 590 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پمپس پر پیٹرول چوری کیخلاف حکومت کا انقلابی قدم
شہریوں کا کہنا ہے کہ صاف شدہ گوشت 700 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو عام صارف کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے فی درجن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 308 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 9,120 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈوں کی سپلائی میں کمی اور طلب میں اضافہ قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ ہے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے ابھی تک قیمتوں پر کنٹرول یا ضابطہ کار کا کوئی مؤثر نظام سامنے نہیں آیا، جس پر صارفین اور دکاندار دونوں نالاں نظر آتے ہیں۔
عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت فوری طور پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرے تاکہ مہنگائی کے اس طوفان کو روکا جا سکے۔