رمضان میں افطار کے وقت ایک ٹھنڈا، میٹھا اور تازگی بخش مشروب پورے دن کی تھکن دور کر دیتا ہے۔ فروٹ فالودہ ڈرنک ایک ایسا مزیدار ڈرنک ہے جو نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہوتا ہے بلکہ جسم کو فوری توانائی بھی فراہم کرتا ہے۔
سب سے پہلے ایک بڑے برتن میں دو گلاس ٹھنڈا دودھ ڈالیں اور اس میں تین سے چار کھانے کے چمچ چینی شامل کریں۔ چینی کو اچھی طرح گھول لیں تاکہ دودھ ہلکا سا میٹھا ہو جائے۔ اس کے بعد اس میں دو کھانے کے چمچ روح افزا شامل کریں تاکہ اس میں خوشبو اور خوبصورت رنگ آجائے۔
اب اس دودھ میں پہلے سے اُبلے ہوئے فالودہ سیویں شامل کریں۔ اس کے بعد ایک کھانے کا چمچ تخم ملنگا ڈالیں جو پہلے پانی میں بھگو کر پھلا لیا گیا ہو۔ اس کے ساتھ ایک اسکوپ ونیلا آئس کریم شامل کریں تاکہ ڈرنک مزید کریمی اور مزیدار بن جائے۔
پھر اس میں باریک کٹے ہوئے پھل شامل کریں جیسے کیلا، سیب اپنی پسند کے مطابق اسٹرابیری یا انگور بھی ڈال سکتے ہیں۔ تمام اجزاء کو آہستہ آہستہ مکس کریں۔
آخر میں اس ڈرنک کو گلاس میں ڈالیں اور اوپر سے تھوڑی سی جیلی، کٹے ہوئے بادام اور پستہ ڈال کر سجا دیں۔ اگر چاہیں تو تھوڑا سا اضافی روح افزا بھی اوپر ڈال سکتے ہیں۔
یہ مزیدار فروٹ فالودہ ڈرنک ٹھنڈا ٹھنڈا افطار میں پیش کریں۔ اس کا کریمی ذائقہ اور پھلوں کی تازگی اسے افطار کے لیے بہترین اور سب سے مزیدار ڈرنکس میں شامل بنا دیتا ہے۔