ٹرمپ ایران کیساتھ طویل جنگ نہیں چاہتے، جے ڈی وینس
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ انتظامیہ ایران کے حوالے سے اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرے گی، تاہم وہ اس تنازع کو طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گی۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امریکا گزشتہ 47 برس سے ایران کے ساتھ مختلف نوعیت کے تنازعات اور معاملات میں ملوث رہا ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی میں بھی امریکا تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اسرائیل سے راہیں جدا کرنے کیلئے تیار ہیں: جے ڈی وینس
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران کے خلاف مزید حملوں کے اشارے دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔
جے ڈی وینس ماضی میں بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ نہ ہونے سے متعلق اسی نوعیت کا مؤقف اختیار کرچکے ہیں۔ مئی میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے غیر معینہ مدت کی جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔
ایک اور بریفنگ میں وینس نے کہا تھا کہ وہ اس صورتحال کو جنگ قرار نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کے خاتمے کے لیے کوئی مصنوعی مدت مقرر کریں گے۔ ان کا یہ مؤقف صدر ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، جو خود اس تنازع کے لیے لفظ ’’جنگ‘‘ استعمال کرتے رہے ہیں۔