ایرانی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نیوی کا کہنا ہے کہ واقعہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں پیش آیا، جہاں ایل این جی بردار جہاز ایرانی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق جہاز کو متعدد مرتبہ خبردار کیا گیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں موجود ایک ایسے بحری راستے سے گزرنے کی کوشش نہ کرے جسے ایران نے غیر مجاز اور خطرناک قرار دے رکھا ہے۔ اس کے باوجود جہاز نے مبینہ طور پر وارننگ کو نظرانداز کیا اور چند گھنٹے بعد دھماکے کا شکار ہوگیا۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ جہاز نے ماضی میں پیش آنے والے واقعات سے سبق نہیں سیکھا اور امریکی لڑاکا طیاروں کی مدد سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کی۔
ایرانی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں مقررہ بحری راستوں اور ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے دیگر جہازوں کو بھی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی کوریا کے پرچم میں 78 سال بعد بڑی تبدیلی
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بعض بحری جہاز اور تیل بردار ٹینکر ایرانی پابندیوں سے بچنے کیلئے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں، جس سے خطے میں بحری آمدورفت اور سکیورٹی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔