بوسنیا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کرتباہ، 4 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی
یورپی یونین فورس (یوفور) نے بوسنیا میں اپنے سی ایچ 47 چینوک فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کردی ہے۔ حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا، جب ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔
یوفور کے مطابق حادثہ بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے برچکو میں پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 11 افراد کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ تاہم، ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اطالوی حکومت نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کا تعلق اٹلی سے تھا۔ اطالوی وزارتِ دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 فوجی اہلکار اور ریڈ کراس کے 2 رضاکار شامل ہیں۔
اٹلی کے وزیرِ دفاع گیویڈو کروسیٹو نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی اولین توجہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ہے۔
حادثے کے بعد واقعے سے متعلق تفصیلات اور وجوہات جاننے کے لیے مزید معلومات کا انتظار ہے۔