تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی کشتی الٹ گئی
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
یونانی میڈیا اور کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ لیسبوس کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں تارکینِ وطن کو لے جانے والی تیز رفتار کشتی مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری کشتی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی اور اس میں سوار افراد سمندر میں جا گرے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں چار مرد، ایک خاتون اور ایک شیرخوار بچہ شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام نے 8 افراد کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یونانی حکام کے مطابق حادثے کے سلسلے میں ایک 37 سالہ ترک شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس پر مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ اور کشتی چلانے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ میں امریکا سے بڑی غلطیاں ہوئیں: جے ڈی وینس
واضح رہے کہ ترکیہ سے یونان کا سمندری راستہ یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کیلئے استعمال ہوتا ہے، تاہم اس سفر میں تیز رفتار کشتیوں، سمندری خطرات اور انسانی اسمگلنگ کے باعث جان لیوا حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔