جمہوریہ کانگو میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، 14 افراد ہلاک
کانگو فوج کے ترجمان کے مطابق طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں فوجی عدالت کے سربراہ اور مسلح افواج کے آڈیٹر جنرل بھی شامل ہیں، دونوں اعلیٰ فوجی افسران ایک سرکاری وفد کا حصہ تھے۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں وفد کے دیگر ارکان اور طیارے کے عملے کے افراد بھی جان کی بازی ہار گئے، حکام نے مجموعی طور پر 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ شہر کِک وٹ سے دارالحکومت کنشاسا واپس آ رہا تھا کہ دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جبکہ متعلقہ اداروں نے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔ طیارے میں موجود افراد کی شناخت اور حادثے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید معلومات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق طیارہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ پرواز کے دوران فنی خرابی کس نوعیت کی تھی اور حادثہ کن حالات میں پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں:حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے، سعودی مفتی اعظم کا اہم بیان آگیا
جمہوریہ کانگو میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد فوجی اور حکومتی حکام کی جانب سے تحقیقات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔