حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے، سعودی مفتی اعظم کا اہم بیان آگیا
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے )کی جانب سے جاری کیے گئے شیخ صالح بن فوزان الفوز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘اس عظیم ملک کی حفاظت اور اس کی سرزمین کے ایک انچ پر بھی ہاتھ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو سزا دینا سب سے بڑی ذمہ داریوں اور نیک اعمال میں شامل ہے اور اللہ کی رضا کی خاطر جانیں بھی قربان کی جا سکتی ہیں۔
یہ نادر اور سخت الفاظ پر مشتمل بیان ان فوجی اہلکاروں کے نام جاری کیا گیا ہے جو یمن کی سرحد پر تعینات ہیں۔ بیان میں قرآن کی آیات اور پیغمبر اسلام کی ان احادیث کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جن میں اللہ کی راہ میں قربانی اور جدوجہد کا ذکر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی دارالحکومت ریاض میں زوردار دھماکوں کی آواز
مفتی اعظم کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ‘ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ آپ سب کی مدد کرے اور ہمارے ملک اور پیارے یمن کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رکھے ۔ ہم یہ دعا بھی کرتے ہیں کہ وہ حوثی گروپ اور اس کی مدد اور حمایت کرنے والوں کو شکست سے دوچار کرے۔
بیان کے مطابق ‘محاذ پر خدمات انجام دینے والے بھائیو، آپ پر لازم ہے کہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور اپنے فیلڈ کمانڈروں کے احکامات کی پابندی کریں، جیسا کہ اللہ نے نبی کریمؐ کے ساتھیوں کو حکم دیا تھا۔آپ نبی کریمؐ کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کا دفاع کر رہے ہیں۔