ایران کی امریکا کو پیش کردہ 7 شرائط میں سے 3 اہم مطالبات سامنے آگئے
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ تہران اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جواب کا منتظر ہے۔
محسن رضائی کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کی گئی اہم شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ شامل ہے، قطر نے ایرانی مطالبات واشنگٹن تک پہنچا دیے ہیں۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق تہران اور ثالث ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں، جبکہ پاکستان اور قطر بھی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے سفارتی کوششوں میں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے تمام سات شرائط کی تفصیلات عوامی طور پر جاری نہیں کی گئیں، تاہم محسن رضائی نے جنگ کے خاتمے سے متعلق تین بنیادی مطالبات واضح کیے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں سفارتی رابطوں کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان پہلے ہونے والے مفاہمتی عمل میں بھی جنگ بندی، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور بحری ناکہ بندی سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے تھے، تاہم بعد میں دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کے باعث یہ عمل آگے نہ بڑھ سکا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی ایئر بیس پر حوثیوں کا ڈرون حملہ
حالیہ ایرانی مطالبات کے بعد اب توجہ واشنگٹن کے ممکنہ جواب اور قطر و پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر مرکوز ہے۔