سعودی ایئر بیس پر حوثیوں کا ڈرون حملہ
اطالوی وزیر دفاع گائیڈو کروزیتو نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے حملے میں اطالوی لڑاکا طیارہ متاثر ہوا، تاہم وہاں موجود اہلکار محفوظ رہے، طیارے کے علاوہ دیگر فوجی اثاثوں یا مقامی بنیادی ڈھانچے کو نمایاں نقصان نہیں پہنچا۔
اطالوی وزارت دفاع کے مطابق حملے کے وقت لڑاکا طیارہ ایئر بیس کے ایک نسبتاً دور دراز حصے میں موجود تھا، جو مرکزی تنصیبات سے الگ تھا۔ حملے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے اثرات کے باوجود حفاظتی انتظامات اور حفاظتی پروٹوکولز کے باعث فوجی اہلکاروں کو محفوظ رکھا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد ایئر بیس کی سکیورٹی اور نقصان کا جائزہ لینے کیلئے آپریشنل اقدامات شروع کردیئے گئے، متاثرہ طیارے اور دیگر تنصیبات کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ نقصان کی مکمل نوعیت سامنے آسکے۔
یہ واقعہ خطے میں حوثی حملوں کے سلسلے میں تازہ پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حوثی گروپ کی جانب سے ماضی میں ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے سعودی عرب میں مختلف فوجی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:زہریلا مشروب پینے سے 48 افراد جان سے ہاتھ گنوا بیٹھے
دفاعی حکام نے واقعے کے بعد اہلکاروں کے تحفظ اور خطے میں جاری دفاعی کارروائیوں کے تسلسل کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔