سویڈن کے وزیراعظم مستعفی ہوگئے
سویڈش الیکشن اتھارٹی کے مطابق 349 رکنی پارلیمنٹ میں سابق وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن کی قیادت میں مرکز سے بائیں جماعتوں کے اتحاد نے 176 نشستیں حاصل کیں، جبکہ کرسٹرسن کی حکومت کی حمایت کرنے والے دائیں جانب کے اتحاد کو 173 نشستیں ملیں، یوں دونوں اتحادوں کے درمیان صرف تین نشستوں کا فرق رہا۔
نتائج سامنے آنے کے بعد اولف کرسٹرسن نے پارلیمنٹ کے اسپیکر کو خط لکھ کر عہدہ چھوڑنے کی درخواست کی تاکہ نئی حکومت بنانے کیلئے مذاکرات شروع کیے جاسکیں۔ وہ نئی حکومت کے قیام تک کابینہ کے ارکان کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
میگڈالینا اینڈرسن جو 2021 میں سویڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم بنی تھیں، اب نئی حکومت بنانے کی کوشش کریں گی۔ تاہم مرکز سے بائیں جماعتوں کے درمیان بھی اختلافات موجود ہیں، جس کے باعث حکومت سازی کا عمل آسان نہیں ہوگا۔
سینٹر پارٹی نے واضح کیا کہ وہ ایسی حکومت میں شامل نہیں ہوگی جس میں لیفٹ پارٹی بھی شامل ہو، جبکہ گرین پارٹی مرکز سے بائیں حکومت کا حصہ بننے پر آمادہ ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کی تصاویر جاری کر دیں
سویڈن کی پارلیمنٹ میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل جلد شروع ہوگا، جبکہ چار امیدوار مسترد ہونے کی صورت میں نئے انتخابات کرانا لازمی ہوسکتا ہے۔