آبنائے ہرمز کنٹرول کرنا ہے تو 100 کلومیٹر اندر آکر دکھائیں، پاسداران انقلاب
ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا واقعی آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے تو اسے ایرانی حدود کے قریب آ کر اپنی طاقت دکھانا ہوگی۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی افسر علی محمدی نے مشہد میں حکومتی حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ اپنے کسی بحری جہاز کو ایرانی حدود کے قریب 100 کلومیٹر تک لا کر دکھائے۔
علی محمدی نے دعویٰ کیا کہ امریکا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ اس کے جنگی جہاز ایرانی حدود کے قریب پہنچے تو ایرانی فورسز کی جانب سے سخت ردعمل دیا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق حالیہ دنوں میں بھی اس حوالے سے ایک مثال سامنے آ چکی ہے، تاہم انہوں نے واقعے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔
ایرانی عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ اس وقت خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں کوئی امریکی فوجی موجودگی یا امریکی عسکری سازوسامان تعینات نہیں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی بحری جہاز ممنوعہ یا حساس حدود کے قریب داخل ہوئے تو انہیں ممکنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 240 مسافروں سے بھرا جہاز لاپتا، سرچ آپریشن شروع
علی محمدی کے مطابق کویت اور بحرین سے روانہ ہونے والے بحری جہاز بھی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی نگرانی میں ہیں۔ کسی بھی جہاز کی جانب سے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔