انڈونیشیا: 240 مسافروں سے بھرا جہاز لاپتا، سرچ آپریشن شروع
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ورگو ٹرانسپورٹ 8 نامی مسافر بردار جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے دارالحکومت بنجارماسین کی جانب سفر کررہا تھا، تاہم دوران سفر اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام کو جہاز کے مواصلاتی رابطے سے محروم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی ادارے فوری طور پر متحرک ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز کی آخری معلوم پوزیشن جاوا سمندر میں بنجارماسین کی ایک بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور تھی۔
بنجارماسین کے سرچ اینڈ ریسکیو دفتر کے آپریشنز چیف اریانتو آری نے جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی اہلکاروں کو ممکنہ مقام کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ حکام نے تلاش اور امدادی کارروائیوں کو منظم کرنے کیلئے ٹریساکتی کے مقام پر ایک آپریشن پوسٹ بھی قائم کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاز کے آپریٹر نے اس وقت واقعے کی اطلاع دی جب اسے معلوم ہوا کہ بحری جہاز دوران سفر خراب موسم کی زد میں آگیا تھا۔ تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جہاز کے ساتھ اصل میں کیا ہوا، آیا وہ خراب موسم کے باعث اپنے مقررہ راستے سے ہٹ گیا یا کسی اور مشکل کا شکار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:کارگو جہاز میں آگ لگ گئی، 25 افراد ہلاک
واضح رہے کہ جہاز میں سوار 240 افراد میں سے کسی جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع نہیں ملی، امدادی ٹیمیں جہاز کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کی آخری معلوم پوزیشن کو سرچ آپریشن کا مرکزی مقام بنایا گیا ہے۔