نیپال: تباہ کن سیلاب میں 469 افراد ہلاک،متعدد لاپتا
نیپالی حکام کے مطابق قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ایجنسیاں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
اس حوالے سے نیپالی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کیلئے فی الحال کسی دوسرے ملک کی مدد کی ضرورت نہیں۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کی جانب سے مدد کی پیشکش ایک فطری عمل ہے، تاہم اس وقت نیپال اپنی سیکیورٹی ایجنسیوں کے ذریعے سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو نیپال کے سرحدی علاقے میں شدید سیلاب جبکہ پڑوسی چینی خطے تبت میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آئے تھے۔ قدرتی آفت کے بعد تقریباً 1400 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
لاپتا افراد میں سے تقریباً 900 افراد اب بھی نیپال اور پڑوسی چینی خطے تبت میں لاپتا ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تربیتی طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، 2 پائلٹ ہلاک
نیپالی سیکیورٹی ادارے متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکام کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی خیریت اور واپسی کے منتظر ہیں۔