امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، وائٹ ہاؤس
کیرولین لیویٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد امریکا نے اب اقتصادی دباؤ بڑھانے پر توجہ مرکوز کرلی ہے، تاہم صدر ٹرمپ کے پاس فوجی کارروائی سمیت تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی راستہ بحال کرنے کے لیے سرگرم ہے، قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے جمعرات کو تہران کا دورہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط،پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط
قطر کی کوششوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور امریکا و ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ قطر اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں کردار ادا کرچکا ہے۔
قطری اور ایرانی حکام کے درمیان بات چیت میں آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے عارضی مشترکہ بحری راہداری قائم کرنے اور آبی گزرگاہ سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔