کولمبیا میں طاقتور زلزلے نے تباہی مچادی، 110 سے زائد ہلاکتیں
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ چوکو کے علاقے سان ہوزے ڈیل پالمر کے قریب تھا۔ شدید جھٹکے مغربی کولمبیا کے علاؤہ کیلی، پریرا، مانیسالس اور درالحکومت ہوگوٹا سمیت کئی بڑے شہروں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان مغربی علاقوں میں ہوا جہاں متعدد علاقوں کو شدید نقصان پہنچا، مانیسالس میں ایک تاریخی کیتھیڈرل کا حصہ بھی منہدم ہو گیا جبکہ پریرا میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کے مطابق زلزلے میں اب تک 110 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی کاروائیوں کے دوران مزید لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شدید جھٹکوں کے بعد مختلف علاقوں میں شہریوں کو عمارت خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بوگوٹا میں بھی لوگوں نے احتیاطاً عمارتوں سے باہر نکل کر کھلے مقامات پر پناہ لی تاہم درالحکومت میں بڑے پیمانے پر نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
زلزلے کے باعث مغربی کولمبیا کے متعدد ہوائی اڈوں پر پروازیں عارضی طور پر روک دی گئیں، رن ویز اور ٹرمینلز سمیت دیگر تنصیبات کا جائزہ لینے کے بعد فضائی آپریشن بحال کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک ایکواڈور میں بھی محسوس کیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فلم ڈائریکٹر اداکارہ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار
کولمبیا کے جیولوجیکل حکام نے مزید جھٹکوں کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے ساتھ عمارتوں، سڑکوں، بجلی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں میں امدادی کاروائیاں مکمل ہونے کے بعد زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی حتمی تفصیلات سامنے آئیں گی۔