حکومت کا شادی کرنے والی خواتین کو سونے کا سکہ دینے کا اعلان
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کی حکمراں جماعت ڈی ایم کے کی حکومت کا بجٹ ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر این میری ولسن نے اسمبلی میں پیش کیا۔ بجٹ میں عوامی فلاح، تعلیم، کھیلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ برادرز گفٹ اسکیم کے تحت شادی کرنے والی خواتین کو 8 گرام سونے کا سکہ اور ریشم کی ساڑھی فراہم کی جائے گی۔ حکومت نے اس منصوبے کیلئے 812 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، اس کا مقصد مستحق خواتین کی معاونت اور شادی کے موقع پر مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
بجٹ میں کھیلوں کے شعبے کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی، حکومت نے ریاست بھر میں 10 اولمپک سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کیلئے 5.50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا اور مستقبل میں اولمپک مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ طلائی تمغے حاصل کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:13 سالہ ماں کو عدالت نے 7 ماہ کا بیٹا تحویل میں دے دیا
اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کیلئے بھی اہم اعلان کیا گیا ہے، وزیر خزانہ کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ 2031 تک ریاست کے انجینئرنگ کالجوں، پولی ٹیکنک اداروں اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) میں زیر تعلیم 5 لاکھ طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر مستقبل کی ملازمتوں کیلئے بہتر انداز میں تیار ہو سکیں۔
بجٹ میں کیے گئے ان اقدامات کو ریاست کی سماجی اور معاشی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔