ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 7 افراد جان کی بازی ہار گئے
مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا بیل 412 ہیلی کاپٹر سان خوان کے معروف ایشگوالاستو قدرتی پارک میں بھڑکنے والی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں میں حصہ لے رہا تھا، ہیلی کاپٹر امدادی مشن کے دوران ایک اہم پرواز پر تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
سان خوان کے گورنر مارسیلو اوریگو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کیلئے یہ ایک انتہائی المناک سانحہ ہے، حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پورے صوبے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
گورنر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں فائر فائٹرز، پولیس اہلکار اور سول پروٹیکشن کے عملے کے ارکان شامل ہیں، جو جنگلاتی آگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہیلی کاپٹر کا بدھ کی صبح اپنے بیس اسٹیشن سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا، بعد ازاں حکام نے ہیلی کاپٹر کے حادثے اور تمام سوار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:اٹارنی جنرل کے گھر پر چھاپہ، ایس پی کینٹ عہدے سے فارغ
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر ہمسایہ صوبے لا ریوجا جا رہا تھا، جہاں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے امدادی کارروائیوں میں معاونت کرنا اس کا بنیادی مشن تھا۔