اٹارنی جنرل کے گھر پر چھاپہ، ایس پی کینٹ عہدے سے فارغ
واقعے کے بعد محکمہ پولیس نے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایس پی کینٹ اختر نواز کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل سرور روڈ تھانے کے ایس ایچ او سمیت مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی تھی، جبکہ اب ایس پی کینٹ اختر نواز کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کر سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے ایس پی کینٹ کے تبادلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اختر نواز کو فوری طور پر موجودہ ذمہ داریوں سے سبکدوش کرتے ہوئے آئندہ احکامات تک سی پی او رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر چھاپے کے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور محکمہ پولیس اس واقعے میں ذمہ داری کا تعین کرنے کیلئے شواہد کا جائزہ لے رہا ہے۔
حکام کے مطابق اگر تحقیقات کے دوران مزید غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی سامنے آئی تو مزید افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ محکمانہ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام افسران کو قانون اور ضابطہ کار کے مطابق فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری
واضح رہے کہ اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر چھاپے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد یہ واقعہ خاصی توجہ کا مرکز بن گیا تھا، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کیا۔