بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر پر میزائل حملہ
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ سعودی کمپنی سے وابستہ آئل ٹینکر اینسیلیا کو بحیرہ احمر میں سفر کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
میزائل حملے کے بعد جہاز کے اگلے حصے میں آگ لگی، تاہم عملے نے صورتحال پر قابو پا لیا، جہاز پر موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حملہ کس گروہ یا فریق کی جانب سے کیا گیا، تاہم یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے، جو ان کے مطابق ان کی قائم کردہ بحری ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایرانی خبر رساں اداروں نے بھی یمنی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حوثیوں نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں:مسافروں سے بھری فیری الٹ گئی، 41 افراد ہلاک جبکہ 61 لاپتہ
واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کی جانب سے صنعا کے ہوائی اڈے پر کارروائی کے بعد حوثیوں نے سعودی بحری راستوں کیخلاف ناکہ بندی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔