مسافروں سے بھری فیری الٹ گئی، 41 افراد ہلاک جبکہ 61 لاپتہ
کئی روز گزرنے کے باوجود سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، لاپتا افراد کی تلاش کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی ایم وی باریما نامی مسافر فیری ہفتے کی رات دارالحکومت جارج ٹاؤن سے پورٹ کیتھوما جا رہی تھی کہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں ساحل سے تقریباً سات میل کے فاصلے پر اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے بعد اب تک 77 افراد کو بحفاظت زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
وزیرِ تعمیرات خوان ایج ہل کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں فیری میں 133 مسافروں کی موجودگی بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں بورڈنگ کی ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ کشتی میں مجموعی طور پر 179 افراد سوار تھے، مسافروں کی اصل تعداد سامنے آنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا۔
حادثے سے قبل رات تقریباً 11 بجے فیری کی جانب سے ہنگامی پیغام موصول ہوا، جس کے فوراً بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، تاہم رات کی تاریکی، خراب موسمی حالات اور جدید سرچ آلات کی محدود دستیابی کے باعث ابتدائی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے جدید اسکینرز سے لیس بحری جہاز امدادی کارروائیوں کیلئے فراہم کیے، جبکہ غوطہ خوروں کی خصوصی ٹیمیں بھی فیری کے اندر پھنسے ممکنہ مسافروں اور لاشوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی پی ایس سی کا درجنوں آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا دائرہ 400 مربع کلومیٹر سے بڑھا کر 1,040 مربع کلومیٹر تک وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ لاپتا افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔