پی پی ایس سی کا درجنوں آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان
پی پی ایس سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار ان آسامیوں کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ انٹرمیڈیٹ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور متعلقہ شعبوں کی پروفیشنل ڈگری رکھنے والے امیدوار اپنی قابلیت کے مطابق آسامیوں کیلئے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
کمیشن کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، تمام درخواستیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے قبول کی جائیں گی۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل پی پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود درخواست فیس، تحریری امتحان، سلیبس، انٹرویو اور دیگر ضروری ہدایات کا بغور مطالعہ کریں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تحریری امتحان کا شیڈول، سلیبس، رول نمبر سلپس اور دیگر اہم معلومات صرف پی پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی، اس لیے امیدوار باقاعدگی سے ویب سائٹ وزٹ کرتے رہیں تاکہ کسی بھی نئی اپڈیٹ سے بروقت آگاہ رہ سکیں۔
پی پی ایس سی نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت، نیم سرکاری اداروں، وفاقی خودمختار اداروں اور مقامی حکومتوں میں ملازمت کرنے والے ملازمین اپنی موجودہ ملازمت کی بنیاد پر عمر میں رعایت کے حقدار نہیں ہوں گے۔
اسی طرح اگر کوئی امیدوار اپنی تعلیمی ڈگری کو مطلوبہ قابلیت کے مساوی قرار دیتا ہے تو اسے انٹرویو کے وقت یا کمیشن کی ہدایت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن یا متعلقہ ایکویولینس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ مساواتی سرٹیفکیٹ لازمی پیش کرنا ہوگا۔ مقررہ وقت پر سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
پی پی ایس سی نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور صرف مستند معلومات کیلئے کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ سے رجوع کریں۔