جنگ بندی ختم، ٹرمپ کا آج رات ایران پر سخت حملوں کا عندیہ
ترکیہ میں نیٹو سمٹ کے موقع پر یوکرینی صدر سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج رات ایران پر پھر سخت حملوں کی دھمکی دے دی۔
یوکرینی صدر سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے کل جہازوں کو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے، ایران سے خوش نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ہم نے ایران پر حملہ کیا ، ممکن ہے آج رات بھی ایران کو سخت حملوں سے نشانہ بنائیں۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی رہنما مشرق وسطیٰ کے بدمعاش بنے ہوئے تھے اب وہ بدمعاش نہیں رہے،ہم نے ایرانی قیادت کو ختم کر دیا، ایرانی فوج بھی ختم کر دی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کئی دہائیوں سے دنیا کو دھمکاتا آ رہا ہے، ایران 47 سال سے لوگوں کو قتل کررہا تھا، سابق امریکی صدر باراک اوبامہ نے ایران کو رقم دی، اوبامہ کی ڈیل بدترین ڈیل تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ایران سے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان، تیل 5 فیصد مہنگا ہوگیا
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے دھوکا کیا، لوگوں کو مارتے ہیں، ایران سے معاہدے میں بہت مشکلات رہیں، معاہدہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے آگے ایک دیوار ہے، یہ واضح ہے ایران کبھی جوہری ہتھیا ر نہیں رکھ سکتا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کے معاملے میں بہت وقت ضائع کیا،اب ہمیں اپنا کام کرنا ہوگا، ایرانی بہت خطرناک اور بیمار ذہنیت کے لوگ ہیں۔