وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ میں شرکت
ایرانی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔
مرحوم سپریم لیڈر 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام بھی وفد کا حصہ تھے۔
علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔
اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید آیت اللہ خامنہ ای نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا جسد خاکی نماز جنازہ کیلئے تہران منتقل
وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔
نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہو گئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ایران کےشہید سپریم لیڈر خامنہ ای کے نمازہ جنازہ میں شرکت کے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہو گئے، ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی اوراعلی سول و ملٹری حکام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو الوداع کیا۔