ٹرمپ کے الزامات پر جارجیا میلونی کا دوٹوک جواب
دونوں رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ نے بین الاقوامی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا میلونی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی عوامی مقبولیت کا انحصار کسی غیر ملکی رہنما، بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعلقات پر نہیں بلکہ اٹلی کے قومی مفادات کے تحفظ اور عوامی خدمت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری مقبولیت ٹرمپ کی تشویش کا موضوع نہیں ہونی چاہیے، انہیں اپنی مقبولیت اور سیاسی معاملات کی فکر کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ فرانس میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران جارجیا میلونی اپنی سیاسی مقبولیت بڑھانے کیلئے ان کے ساتھ بار بار تصاویر بنوانے کی خواہش ظاہر کرتی رہیں۔ ٹرمپ کے اس بیان نے سیاسی اور سفارتی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی۔
اطالوی وزیراعظم نے ان دعوؤں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاسی ساکھ اور عوامی حمایت اٹلی کے مفادات کے تحفظ، معاشی پالیسیوں اور قومی ترجیحات کی بنیاد پر حاصل کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا پیر کو مستعفی ہونے کا امکان
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ بیان بازی مستقبل میں اٹلی اور امریکا کے تعلقات پر اثر انداز ہو سکتی ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی روابط بدستور اہمیت رکھتے ہیں۔