ٹرمپ کے پاکستان سمیت مسلم ممالک کے رہنماؤں سے اہم رابطے

Donald Trump Iran Deal
فائل فوٹو
Updated | Published May, 24 2026 |
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت کئی اہم مسلم ممالک کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔

جن میں ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے، خطے کی صورتحال اور مستقبل کے سفارتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، غیرملکی میڈیا کے مطابق عالمی رہنماؤں نے امریکی صدر پر زور دیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو سکے۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید، امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد، قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے گفتگو کی، اس کے علاوہ اسرائیلی وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر مختلف مسلم ممالک کے رہنماؤں سے ہونے والی بات چیت مثبت رہی اور ایران کے ساتھ معاہدے کا اعلان جلد متوقع ہے، مذاکرات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں جبکہ معاہدے کے چند آخری نکات پر ابھی بات جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا اور ایران میں امن معاہدہ، 24 گھنٹوں میں بڑا اعلان متوقع

صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ اگر معاہدہ کامیاب ہو جاتا ہے تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کیلئے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی بحالی اسلام آباد میں ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔