عمرہ زائرین کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجرا کا آغاز 31 مئی سے کیا جائے گا، جبکہ زائرین یکم جون سے نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے حاصل کر سکیں گے۔ نسک ایپ کے ذریعے زائرین کو عمرہ کی بکنگ، اجازت ناموں کے حصول اور دیگر ضروری سہولتوں تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کے حصول کی آخری تاریخ 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 23 مارچ 2027 ہوگی۔ حکام کے مطابق عمرہ زائرین کو سعودی عرب سے واپسی اور روانگی کے لیے 7 اپریل 2027 تک کی مہلت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا اور ملائیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ نئے سیزن کے آغاز کے ساتھ زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق عمرہ زائرین کو منظم انداز میں سہولتیں فراہم کرنا، رش کو قابو میں رکھنا اور عبادات کے دوران آسانی پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی، جبکہ یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی۔ اسی طرح حج کا اہم رکن وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔
مکہ مکرمہ میں اس وقت ہزاروں پاکستانی عازمین حج عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد حرم شریف میں نمازوں، طواف اور دیگر عبادات میں مشغول ہے۔ دوسری جانب مدینہ منورہ سے بھی پاکستانی عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔