جمائما گولڈ اسمتھ کی معروف ارب پتی سے منگنی
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی اسکرین رائٹر اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش آسٹریلوی ارب پتی فنانسر کیمرون اوریلی سے منگنی کرلی۔
بتایا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان گزشتہ تقریباً ایک سال سے تعلق قائم تھا جو وقت کے ساتھ دوستی اور پھر سنجیدہ رشتے میں تبدیل ہو گیا۔
کیمرون اوریلی ایک معروف سرمایہ کار ہیں اور متعدد بین الاقوامی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ سابق میڈیا ٹائیکون سر انتھونی اوریلی کے بیٹے ہیں، جمائما اور کیمرون کی ملاقات پیشہ ورانہ مصروفیات کے دوران ہوئی تھی، جہاں سے ان کے تعلقات کا آغاز ہوا۔
رپورٹس کے مطابق یہ جوڑا زیادہ تر وقت سوئٹزرلینڈ اور لندن میں گزارتا ہے، اور قریبی حلقوں کے مطابق دونوں اپنی زندگی میں خوش ہیں۔ منگنی کے بعد اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں آئندہ چند ماہ میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں، جبکہ کچھ رپورٹس کے مطابق یہ شادی 2026 کے وسط یا آخر تک متوقع ہے۔ تاہم ابھی تک دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
جمائما کے اہل خانہ نے بھی کیمرون اوریلی سے ملاقات کی ہے اور ان کے تعلقات کو مثبت نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ جمائما گولڈ اسمتھ ماضی میں بھی اپنی نجی زندگی کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز رہ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ جمائما نہ صرف ایک اداکارہ اور پروڈیوسر ہیں بلکہ سماجی اور انسانی حقوق کے مختلف امور پر بھی سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ منگنی کی خبر کے بعد ان کے قریبی حلقے اسے ان کی زندگی کے ایک نئے، پرسکون اور مستحکم باب کے آغاز کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔