اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں ایران بری طرح جنگ ہار رہا ہے، ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی، دفاعی نظام اب موجود نہیں، ایران کا ریڈار سسٹم،میزائل اور ڈرون بنانے والی فیکٹریاں بڑی حد تک تباہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت بھی اب ان میں موجود نہیں ہے، ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے، بارودی سرنگیں بچھانے والی ایران کی تمام 28 کشتیاں سمندر برد ہو چکی ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا کی خاطرآبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کر رہے ہیں، چین،جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی کی خاطر آبنائے ہرمز کلیئر کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس نے ایرانی اثاثے غیر منجمد کرنے کی تردید کردی
صدر ٹرمپ نے کہا کہ دیگر ممالک میں یہ خود کرنے کی ہمت اور عزم موجود نہیں، مختلف ممالک کے خالی بحری جہاز تیل لینے کے لئے امریکا کا رخ کر رہے ہیں، خالی آئل ٹینکرز بڑی تعداد میں امریکا کی جانب رواں دواں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یہ آئل ٹینکرز دنیا کا بہترین تیل بھرنے کے لئے امریکا آ رہے ہیں، دنیا کی 2 بڑی تیل کی معیشتوں سے زیادہ تیل ہمارے پاس ہے، ہمارے تیل کا معیار بھی دوسروں سے بہتر ہے، ہم آپ کے منتظر ہیں۔