غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے واضح کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے غیر ملکی بینکوں میں موجود منجمد اثاثے جاری کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اس سے قبل عالمی خبر رساں ادارے نے ایک سینئر ایرانی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ امریکا نے قطر اور دیگر ممالک کے بینکوں میں رکھے گئے ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، اس خبر کے بعد عالمی مالیاتی اور سفارتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں، ایسے میں اس نوعیت کی خبریں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری تردید نے یہ واضح کر دیا ہے کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کسی بڑی پیش رفت کے امکانات محدود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کا سب سے لمبا ایسکیلیٹر، ویڈیو وائرل
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے منجمد اثاثوں کا معاملہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عالمی معیشت اور خطے کی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔