پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ صدرٹرمپ نے ہمیں مذاکرات کے لئےواضح گائیڈ لائن دی ہے، ایران کےساتھ مذاکرات کے منتظر ہیں، امید ہے مذاکرات میں واضح پیش رفت ہو گی۔
جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ تعمیری گفتگو کے خواہاں ہیں، ایران نیک نیتی سے مذاکرات کرے گا تو ہم بھی تیارہیں۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے، جے ڈی وینس اسلام آبادمذاکرات میں امریکی وفدکی نگرانی کریں گے، جبکہ امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی سٹیووٹکوف ،صدر ٹرمپ کے داماد اور سینئر مشیر جیرڈکشنر پاکستان آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایران کو بحری جہازوں سے ٹول وصول کرنے پر دھمکی
ایرانی وفد وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں مذاکرات میں شرکت کرے گا، فریقین کی پاکستانی قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوں گی، فریقین کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ آج جبکہ دوسرا کل ہوگا۔
مذاکرات میں عارضی جنگ بندی کو مستقل بنانے پر بات ہو گی، امریکہ کے 15 اور ایران کے 10 نکات پر مستقل امن کی راہ نکالی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے بہت پُرامید ہوں، ایرانی رہنما بہت حد تک معقول ہیں، اگر انہوں نے معاہدہ نہ کیا تو بہت تکلیف دہ ہوگا۔