ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ کی تعلیم کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے آن لائن کلاسز کا سلسلہ اگلے نوٹس تک جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں جاری کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث جامعات اور اسکولز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب دارالحکومت تہران کے شمالی علاقوں سے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم حکام کی جانب سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں آن لائن تعلیم کا فیصلہ طلبہ کیلئے ایک وقتی حل ہے تاکہ تعلیمی سلسلہ مکمل طور پر متاثر نہ ہو، جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا امریکی سفارتخانے پر حملے سے لاتعلقی کا اعلان
خیال رہے کہ ایران میں جاری غیر یقینی صورتحال کے اثرات نہ صرف معیشت بلکہ تعلیم کے شعبے پر بھی پڑ رہے ہیں، جبکہ شہریوں میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے، ایسے میں آن لائن تعلیم کا آغاز ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو سکے۔