ایکسپائر عمرہ ویزا ہولڈز کیلئے اچھی خبر
وزارتِ حج و عمرہ
عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کیساتھ مل کر خصوصی آپریشن روم قائم کیا گیا/ فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عمرہ زائرین جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں، انہیں 18 اپریل تک بغیر کسی جرمانے کے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت ہوگی۔

وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین بروقت اپنے ممالک واپس نہیں جا سکے۔ ایسے زائرین جن کے ویزے 8 رمضان (25 فروری 2026) کو ختم ہو گئے تھے اور وہ حالات کی وجہ سے سفر نہیں کر سکے، ان کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو قرض واپس کرنے کا فیصلہ

وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ایک خصوصی آپریشن روم قائم کیا ہے، جس کا مقصد زائرین کو درپیش مشکلات کا فوری اور جامع حل فراہم کرنا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین سے درخواست کی ہے کہ وہ 18 اپریل سے پہلے اپنے ویزے کی مدت میں توسیع کے لیے فیس اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اپنی واپسی کی سیٹ کنفرم کرائیں اور ایئرپورٹ وقت سے پہلے پہنچ جائیں تاکہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھا کر بغیر کسی جرمانے کے اپنے ممالک روانہ ہو سکیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے قانون کے مطابق عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی واپسی کو مقررہ وقت پر یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔