ایرانی فوج خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ" کسی بھی ممکنہ زمینی حملے یا قبضے کی کوشش کی صورت میں ’خلیج فارس کی شارک مچھلیوں کا پیٹ امریکی فوجیوں سے بھریں گے"۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پینٹاگون ایران میں ہفتوں پر محیط زمینی کارروائیوں کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار ایران کے خلاف زمینی کارروائیوں اور خلیج فارس کے بعض جزائر پر قبضے کی دھمکیاں دے چکے ہیں، تاہم یہ صرف ان کی خام خیالی ہی ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج طویل عرصے سے یہ ثابت کرنے کی منتظر ہیں کہ جارحیت اور قبضے کا انجام ذلت اور حملہ آوروں کی بربادی ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن، ایران جنگ کیخلاف 70 لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ تہران کی سرزمین پر زمینی حملوں کی صورت میں امریکی افواج کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، تہران ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، ٹرمپ ایپسٹین کیس میں اپنے پسِ منظر کی وجہ سے موساد کے دباؤ میں ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا کی ان دھمکیوں کے جواب میں ایران نے ملک بھر میں اپنی دفاعی پوزیشنز کو مزید مضبوط بنا دیا ہے،عراق سے ملحق جنوب مغربی سرحد پر سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔