پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ علی الصبح پیش آیا جب نامعلوم افراد نے امریکی قونصل خانے کی عمارت کی جانب فائرنگ کی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
واقعے کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا اور ٹورانٹو میں قائم امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ علاقے میں نگرانی کا عمل بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قونصل خانے کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم سفارتی عملہ محفوظ ہے، پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی حفاظت سے انکار کردیا
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کے حوالے سے سنجیدہ خدشات پیدا کر دیتے ہیں، اسی لیے کینیڈین حکام اس واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اصل ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔