ایران نے ایک اور امریکی جنگی طیارہ ایف 15 مار گرایا
ایران کی پاسداران انقلاب نے ایک امریکی جنگی طیارہ ایف 15 مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب نے ایک امریکی جنگی طیارہ ایف 15 مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، امریکی جنگی طیارہ ایف 15 جنوب مغربی سرحد کے مضافات میں گرایا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کی جانب سے لڑاکا طیارے گرائے جانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان کہا گیا کہ ایران میں امریکی ایف 15 ای طیارے کے گرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد اور غلط ہیں۔

سینٹ کام حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ امریکی طیارہ گرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

واضح رہے کہ اگر ایرانی پاسداران کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے یہ ایران کے ساتھ ہونے والی امریکا اور اسرائیل کی حالیہ جنگ میں یہ چوتھا ایف 15 لڑاکا طیارہ ہو گا جو امریکا کھو بیٹھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اپنے اہداف کے حصول تک لڑائی جاری رکھنے کا اعلان

یاد رہے کہ اس سے قبل کویتی فضائیہ نے امریکا کے تین ایف 15 لڑاکا طیارے اپنی فضائی حدود میں غلط فہمی کی بنیاد پر مار گرائے تھے جس کی امریکی حکام کی جانب سے تصدیق بھی کی گئی تھی۔

دوسری جانب ایران امریکا جنگ میں اب تک ہونے والا جانی نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں، رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں اب تک 175 طالبات اور اساتذہ سمیت 1230 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایران کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک 11 افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکا کے 6 فوجی مارے گئے ہیں، لبنان پر اسرائیلی بمباری سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بحرین پر ایرانی حملے میں 1 شخص مارا گیا ہے، کویت پر حملے میں دو کویتی فوجیوں سمیت 4 افراد مارے گے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان میں تیل بردار جہاز پر ایرانی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ یواےای میں ایران حملوں میں اب تک 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ 

ضرور پڑھیں