امریکی سنٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں 3 امریکی لڑاکا طیارے فرینڈلی فائر کا شکار ہوئے ، کویتی فضائی دفاع نے غلطی سے امریکی طیاروں کو نشانہ بنایا، واقعہ آپریشن "ایپک فیوری" کے دوران پیش آیا ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملکی حدودکی خلاف ورزی پر امریکی ایف 15 لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی دفاع نے مارگرایا، امریکی لڑاکا طیارہ کویت میں گر کر تباہ ہوا۔
ادھر قطر نے دو ایرانی فائٹر جیٹ گرانے کا دعوی کیا ہے، قطری وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے قطر پر حملہ کرنے کے لئے آنے والے دو جنگی طیاروں کو کامیابی سے مارگرایا گیا ہے، ڈیفنس سسٹم نے 7 بلیسٹک میزائلوں اور 5 ڈورنز کو بھی فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے متعدد جنگی طیارے گر کر تباہ
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کی جانب سے داغے گئے 9 بیلسٹک،6 کروز میزائل اور 148 ڈرون مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایران اب تک 174 بیلسٹک میزائل داغ چکا ہے جن میں سے 161 کو مار گرایا گیا ہے جبکہ 13 سمندر گرے ہیں، ایران کی جانب سے بھیجے گئے 689 ڈرونز میں سے 645 کو بھی تباہ کردیا گیا تھا جبکہ 44 ڈونز اماراتی سرزمین پر گرے تھے، اماراتی ڈیفنس سسٹم نے 8 ایرانی کروز میزائلوں کو بھی کامیابی سے تباہ کیا ہے۔