پاسدران انقلاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے نہ صرف نیتن یاہو کے آفس پر میزائل داغے بلکہ اس عمارت کو بھی نشانہ بنایا جہاں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ موجود تھے۔
ایران کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور صیہونی فضائیہ کے چیف کو خیبر میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکرات کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات سے صاف انکار کر دیا ہے۔
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ایران امریکا کےساتھ مذاکرات نہیں کرے گا، امریکی صدر ٹرمپ کےخود ساختہ خیالات نے مشرق وسطیٰ کو افراتفری میں دھکیل دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے خلیجی ممالک میں قائم امریکی اڈوں پر ایک بار پھر حملے
ادھر سعودی عرب کے صنعتی شہر راس تنورا میں واقع سعودی آرامکو کی اہم آئل ریفائنری پر ایرانی ساختہ شاہد 136 ڈرون سے حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں ریفائنری کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا، تاہم سعودی حکام کی جانب سے فوری طور پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا۔