ادارہ امور حرمین شریفین نے اعلان کیا ہے کہ اعتکاف میں حصہ لینے والے خواہشمند افراد ادارے کی ویب سائٹ کے ذریعے آسانی سے رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ادارے نے تمام سہولیات فراہم کر دی ہیں تاکہ لوگ بغیر کسی دشواری کے اپنا اکاؤنٹ بنا کر اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کر سکیں، اگر کسی کے پاس پہلے سے ویب سائٹ پر اکاؤنٹ موجود ہے تو وہ اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ ان کر کے رجسٹریشن مکمل کر سکتا ہے۔
ادارہ امور حرمین شریفین نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا، یہ موقع ہر سال ہزاروں مسلمانوں کیلئے روحانی تجدید اور قربِ الٰہی کے حصول کا اہم سبب بنتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اعتکاف میں شامل افراد کو قواعد و ضوابط کے مطابق رہائش اور عبادت کے دوران مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عبادت میں مکمل طور پر مشغول ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:25 اور 26 فروری کو عام تعطیل کا اعلان
واضح رہے کہ اعتکاف مسلمانوں کی روحانی زندگی کو مضبوط کرنے، صبر اور لگن کی تربیت دینے اور روحانی سکون حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
اس سال بھی ہزاروں افراد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عبادت و اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کریں گے اور رمضان کے آخری عشرے کو خصوصی اہمیت کے ساتھ گزاریں گے۔