حکومت کینیڈا نے پاکستانی طلبہ کیلئے کینیڈین گورنمنٹ اسکالرشپس 2026 کے تحت اعلی تعلیم کے دروازے کھول دیے ہیں، یہ پروگرام گلوبل افیئرز کینیڈا کی معاونت سے جاری کیا گیا ہے جس کے تحت طلبہ معروف یونیورسٹیوں، کالجز اور ٹیکنیکل اداروں میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
اس اسکیم میں بیچلرز، ماسٹرز، پی ایچ ڈی، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرام شامل ہیں،انجینئرنگ، کمپیوٹرسائنس، مصنوعی ذہانت، طب، بزنس، ماحولیاتی علوم اور سماجی و قدرتی سائنسز سمیت متعدد شعبہ جات میں داخلہ ممکن ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ اسکالرشپ مکمل طور پر فنڈڈ ہے اس میں ٹیوشن فیس، واپسی کا فضائی ٹکٹ، ویزا اور اسٹڈی پرمٹ فیس، ہیلتھ انشورنس، رہائش، ماہانہ اخراجات اور کتب کی مد میں مالی مدد شامل ہے، چار ماہ یا اس سے زائد مدت کیلئے 10 ہزار 200 کینیڈین ڈالر جبکہ پانچ سے چھ ماہ کے گریجویٹ پروگرام کے لیے 12٫700 کینیڈین ڈالر تک امداد دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کن ممالک نے رمضان کی تاریخ کا اعلان کر دیا ؟
پروگرام کا دورانیہ کم از کم چار ماہ اور زیادہ سے زیادہ دو سال تک ہوگا جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز اگست 2026 سے فروری 2027 کے درمیان متوقع ہے۔
اہلیت کے لیے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا لازمی ہے اور وہ کینیڈین شہریت یا مستقبل رہائش کا حامل نہ ہو، کسی تسلیم شدہ کینیڈین ادارے میں فل ٹائم داخلہ اور انگریزی یا فرانسیسی زبان میں مہارت بھی ضروری شرط ہے۔
درخواست گزاروں کو تعلیمی اسناد، درست پاسپورٹ، سی وی، بیان مقصد، زبان کی مہارت کا ثبوت اور ادارے کا داخلہ خط جمع کروانا ہوگا، پہلے کسی اہل تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا ہوگا پھر آن لائن پورٹل پر درخواست مکمل کی جائے گی، کامیاب اندراج کے بعد تصدیقی ریفرنس نمبر جاری کیا جائے گا۔
دلچسپی رکھنے والے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ 2026 سے اپنی درخواست جمع کرائیں۔