جالندھر: عام آدمی پارٹی کے رہنما لکی اوبرائے فائرنگ سے ہلاک
Lucky Oberoi Murder
Aam Aadmi Party Leader Killed
جالندھر: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما لکی اوبرائے کو دن دیہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعہ جالندھر کے مصروف علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع ایک گوردوارہ صاحب کے باہر پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لکی اوبرائے پر متعدد فائر کیے، جن میں سے 5 گولیاں ان کے جسم کو لگیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت لکی اوبرائے اپنی گاڑی میں موجود تھے اور فائرنگ انتہائی قریب سے کی گئی، جس سے حملے کی سنگینی اور منصوبہ بندی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

فائرنگ کے فوراً بعد لکی اوبرائے کو شدید زخمی حالت میں قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:معمر قذافی کا بیٹا قاتلانہ حملے میں جانبحق

 

 

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کی وجوہات جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔ واقعے کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔