روٹری پیس فیلوشپ 8202-2027 کے لیے درخواستیں باضابطہ طور پر کھول دی گئی ہیں، یہ دنیا کے معتبر ترین مکمل فنڈڈ بین الاقوامی فیلوشپ پروگرامز میں سے ایک ہے جس کا مقصد امن کے قیام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
یہ پروگرام تمام ممالک کے امیدواروں کے لیے کھلا ہے اور تعلیمی سال 8202-2027 کے لیے 170 مکمل فنڈڈ فیلوشپس فراہم کی جائیں گی۔
روٹری پیس فیلوشپ کا مقصد مستقبل کے ایسے رہنماؤں کو تیار کرنا ہے جو امن، تنازعات کے حل اور ترقی کے فروغ کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
کامیاب امیدوار اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر کے مطابق ماسٹرز ڈگری یا پروفیشنل ڈویلپمنٹ سرٹیفکیٹ پروگرام میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قطر میں 10 سالہ رہائشی پروگرام کا آغاز
ماسٹرز پروگرامز کے میزبان ممالک میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جاپان، سویڈن اور امریکا شامل ہیں، سرٹیفکیٹ پروگرامز ترکیہ، یوگنڈا اور بھارت میں پیش کیے جائیں گے، ماسٹرز پروگرامز کا دورانیہ 15 سے 24 ماہ جبکہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ سرٹیفکیٹ پروگرام ایک سال پر مشتمل ہوگا۔
روٹری پیس فیلوشپ مکمل طور پر فنڈڈ ہے جس میں مکمل ٹیوشن فیس، رہائش اور کھانا، بین الاقوامی آمد و رفت کے ہوائی ٹکٹ، انٹرن شپ اور فیلڈ اسٹڈی کے اخراجات اور ہیلتھ انشورنس شامل ہیں۔
اس مالی معاونت کے باعث فیلوشپس حاصل کرنے والے افراد بغیر کسی مالی دباؤ کے اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دے سکتے ہیں۔
ماسٹرز پروگرامز کے لیے شراکت دار جامعات میں ڈیوک یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا چیپل ہل (امریکا)، انٹرنیشنل کرسچن یونیورسٹی ٹوکیو (جاپان)، یونیورسٹی آف بریڈفورڈ (انگلینڈ)، یونیورسٹی آف کوئنزلینڈ برسبین (آسٹریلیا) اور اپسالا یونیورسٹی (سویڈن) شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز نے دس سالہ رہائشی شرط ختم کردی
سرٹیفکیٹ پروگرامز میکریرے یونیورسٹی کمپالا (یوگنڈا)، بہچی شہر یونیورسٹی استنبول (ترکیہ) اور سمبایوسس انٹرنیشنل یونیورسٹی پونے (بھارت) میں پیش کیے جائیں گے۔
اہلیت کے لیے امیدوار کا کسی متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری ہونا، مضبوط تعلیمی ریکارڈ، ماسٹرز پروگرام کے لیے کم از کم تین سال اور سرٹیفکیٹ پروگرام کے لیے کم از کم پانچ سال کا متعلقہ تجربہ، قیادت کی صلاحیت اور امن کے لیے عملی وابستگی ضروری ہے، اس کے علاوہ آخری ڈگری مکمل ہونے اور فیلوشپ کے آغاز کے درمیان کم از کم تین سال کا وقفہ ہونا لازمی ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 ہے، درخواستیں روٹری انٹرنیشنل کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جائیں گی۔