یہ افسوسناک واقعہ بدھ کی صبح صوبہ ناکھون راتچاسیما کے ضلع سکھیو میں پیش آیا، جو بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
تھائی پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر تعمیراتی کام جاری تھا، دورانِ کام ایک بھاری بھرکم تعمیراتی کرین اچانک منہدم ہو گئی اور تیزی سے گزرتی ہوئی مسافر ٹرین کے ایک ڈبے پر آ گری۔ کرین کے ٹکرانے سے ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے باعث متعدد ڈبے ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
حادثے کے فوراً بعد متاثرہ بوگی میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، تاہم اس دوران قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ زخمی مسافروں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند
ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں، ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے تاکہ ریسکیو کام میں رکاوٹ نہ آئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کرین گرنے کا سبب کیا تھا اور آیا حفاظتی ضوابط پر عمل کیا جا رہا تھا یا نہیں۔
دوسری جانب تھائی حکام نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔