معروف عالمِ دین دورانِ تدریسِ قرآن انتقال کر گئے، ویڈیو وائرل
Yemeni Islamic scholar death
فائل فوٹو
صنعا: (ویب ڈیسک) یمن کے معروف عالمِ دین اور قرآنِ مجید کے ممتاز معلم شیخ ڈاکٹر علی محمد الثنانی دورانِ تدریسِ قرآن اچانک انتقال کر گئے، جس کے دل سوز مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخ ڈاکٹر علی الثنانی یمن کے صوبہ مآرب میں واقع ایک مدرسے میں قرآنِ مجید کی درس و تدریس میں مصروف ہیں۔

وہ پوری توجہ اور انہماک کے ساتھ ایک طالب علم کی تلاوت سن رہے ہوتے ہیں، ان کے ہاتھ میں قرآنِ پاک موجود ہوتا ہے کہ اچانک ان کی آنکھیں بند ہو جاتی ہیں اور وہ کرسی سے نیچے گر پڑتے ہیں۔ چند ہی لمحوں میں یہ خبر پھیل گئی کہ وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مآرب کے علاقے رمَیلہ میں واقع نورہ مسجد میں پیش آیا، جہاں شیخ علی الثنانی حافظِ قرآن کی نگرانی اور رہنمائی کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ معمول کے مطابق درس دے رہے تھے، کسی قسم کی طبی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، تاہم اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں:سڈنی حملہ،بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا بے نقاب

خیال رہے کہ شیخ ڈاکٹر علی محمد الثنانی کا شمار یمن کے ممتاز مذہبی اور تعلیمی شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے دینی علوم کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور امتیازی نمبروں کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

قرآنِ مجید کی تعلیم و تربیت ان کی زندگی کا مقصد تھی اور انہوں نے اپنی پوری زندگی اسی مقدس مشن کیلئے وقف کر رکھی تھی۔