میڈیا رپورٹس کے مطابق اے کے خانداکر ہفتے کی صبح طبعی علالت کے باعث وفات پا گئے، جس پر ملک بھر میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اے کے خانداکر کو بنگلادیش ایئر فورس کی بنیاد رکھنے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بنگلادیش کی آزادی کے بعد فضائیہ کی تنظیم نو اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر استحکام کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے کے خانداکر نے بھارت میں فضائی تربیت حاصل کی اور مختلف اہم آپریشنز کی نگرانی بھی کی، جس سے بنگلادیش ایئر فورس کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
بنگلادیش ایئر فورس کے پہلے چیف کی حیثیت سے اے کے خانداکر نے نہ صرف ادارے کی مضبوط بنیاد رکھی بلکہ نوجوان افسران کی تربیت پر خصوصی توجہ دی۔
یہ بھی پڑھیں:قاتلانہ حملے میں طلبہ تحریک کے رہنما عثمان ہادی انتقال کر گئے
ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ بنگلادیش نے 2011 میں انہیں ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز بھی عطا کیا تھا، جو ان کیلئے ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
ایئر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد اے کے خانداکر نے عملی سیاست میں بھی قدم رکھا، وہ 2008 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے، جہاں انہوں نے قومی امور پر مؤثر کردار ادا کیا۔ سیاست میں بھی ان کی شخصیت سنجیدگی، نظم و ضبط اور قومی خدمت کی علامت سمجھی جاتی رہی۔
اے کے خانداکر کے انتقال پر بنگلادیش کی سیاسی و عسکری قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔