برج خلیفہ پر آسمانی بجلی گرنے کا نایاب منظر، ویڈیو وائرل
Burj Khalifa lightning strike
فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور غیر مستحکم موسم کے دوران دبئی میں ایک غیر معمولی اور حیران کن منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آسمانی بجلی آ گری۔

اس نایاب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی۔

ذہن نشین رہے کہ یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا، جس کی مختصر مگر دل دہلا دینے والی ویڈیو دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برج خلیفہ گھنے بادلوں سے گھرے سبز مائل آسمان کے پس منظر میں کھڑا ہے اور اچانک بجلی عمارت کی بلند ترین منزل سے ٹکراتی ہے، جو دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ویڈیو شیئر کیے جانے سے چند گھنٹے قبل ہی شیخ حمدان نے شہریوں کو آنے والے دنوں میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق 18 دسمبر کو یو اے ای میں البشائر کے نظام کے تحت کم دباؤ کا آغاز ہوا، جس کے باعث موسم غیر مستحکم ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کو خوشخبری سنا دی

این سی ایم کے مطابق بحیرۂ احمر سے سطحی کم دباؤ کے پھیلاؤ نے یو اے ای کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ شارجہ اور راس الخیمہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش اور اولے پڑنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری موسمی انتباہات پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔