غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ وسطی ایران کی ایک مصروف ہائی وے پر پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری ایک بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد کی جانب سفر کر رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق تیز رفتاری یا ڈرائیور کے کنٹرول کھو دینے کے باعث بس اچانک ہائی وے کے درمیان نصب مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا گئی، تصادم کے بعد بس مخالف سمت کی لین میں جا گری اور الٹ گئی، جس کے نتیجے میں شدید تباہی ہوئی۔
حادثے کے دوران بس سامنے سے آنے والی ایک ٹیکسی سے بھی ٹکرا گئی، جس سے جانی نقصان میں مزید اضافہ ہو گیا۔
حکام کے مطابق بس میں سوار 11 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ٹیکسی میں موجود دو افراد بھی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس طرح مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
حادثے میں خواتین سمیت 13 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور عراق جانے والے زائرین کیلئے بڑی خوشخبری
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو بس اور ٹیکسی کے ملبے سے نکال کر طبی امداد فراہم کی۔ حادثے کے باعث ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کچھ دیر کیلئے معطل رہی، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، ابتدائی طور پر تیز رفتاری، تکنیکی خرابی یا ڈرائیور کی غفلت جیسے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔