وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ بحری راستے سے زائرین کی روانگی کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے، اس ضمن میں فیری کمپنیوں کو لائسنس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے بعد سمندری راستے سے ایران اور عراق کا سفر جلد ہی باقاعدہ طور پر ممکن ہو جائے گا، جس سے زائرین کو ایک متبادل، محفوظ اور منظم سفری سہولت میسر آئے گی۔
وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جنوری 2026 سے ایران و عراق زیارات پر جانے والے تمام زائرین صرف رجسٹرڈ زیارات گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی روانہ ہو سکیں گے، اس فیصلے کا مقصد زائرین کے سفر کو مزید شفاف، محفوظ اور منظم بنانا ہے تاکہ غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:سڈنی حملہ میں بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا بے نقاب
اعلامیے میں بتایا گیا کہ حالیہ مرحلے میں 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ زیارات کمپنیوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ان تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے، تاکہ زائرین آسانی سے مستند آرگنائزرز کا انتخاب کر سکیں۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ حکومت زائرین کو محفوظ، بااعتماد اور شفاف سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، بحری راستے کا آغاز اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔