اپنے ایک بیان میں مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ بھارت جنگ کے پہلے دن ہی پاکستان سے شکست کھا گیا تھا، 7 مئی کو ہونے والی آدھے گھنٹہ کی فضائی جنگ میں بھارت پوری طرح شکست کھا چکا تھا۔
پرتھوی راج چوہان کا کہنا تھا کہ لوگ مانیں یا نہ مانیں بھارتی طیاروں کو پاکستان کی فضائیہ نے تباہ کیا تھا، رافیل طیاروں کے تباہ ہونے کے بعد پوری بھارتی فضائیہ کو گراؤنڈ کردیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی فضائیہ کا ایک بھی طیارہ گوالیار،بھٹنڈا یا سرسا سے اڑان نہیں بھر سکا،اگر بھارتی طیارے اڑتے تو پاکستانی انہیں بھی مار گراتے، پاکستان کے ڈر سے پوری بھارتی فضائیہ کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دوران جنگ گرائے گئے بھارتی رافیل طیاروں کے نمبر سامنے آگئے
واضح رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی ایئرفورس کو ناکوں چنے چبوائے تھے اور چار روزہ جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 7 طیارے مار گرائے تھے۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت پر واضح برتری حاصل کی تھی اور پاک فضائیہ کی برتری کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کئی مواقعوں پر اعتراف کر چکے ہیں۔