پنجاب میں گریڈ 16 کے ٹریفک وارڈنز کی سینئر ٹریفک وارڈنز اور گریڈ 17 پر ٹریفک افسران کی ترقی کی راہ ہموار ہو گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس مستحسن اقدام سے ٹریفک افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، سینئر ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک افسران نے ترقی یقینی بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اظہار تشکر کیا ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ٹریفک افسران پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان پاس کر کے اگلے گریڈ میں ترقی حاصل کریں گے، پچاس فیصد ترقیاں سنیارٹی جبکہ 50 فیصد پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے ذریعے دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حجاز مقدس میں عازمین حج کیلئے گھر سے گھر تک سروس ہوگی
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سینئر ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک افسران کی ترقی کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان جلد منعقد ہو گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر ٹریفک وارڈنز کی سیٹ پر ترقی کے لئےامتحان دینے والے افسران کی عمر کی حد 50 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ٹریفک افسر کی سیٹ پرترقی کےلئے 52 سال تک کی عمر کے افسران امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ شفاف محکمانہ ریکارڈ، کورسز کی تکمیل اور سیکنڈ ڈویژن میں بیچلرڈگری رکھنے والے افسران پروموشن امتحان دینے کے اہل ہوں گے، وارڈنز کی تیز رفتار پروموشن کے لئےآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بھجوائی گئی سمری حکومت نے منظور کر لی ہے۔